اثری نژاد، محمد

معصومہ عابدینی
49 بازدید

 

محمد اثری نژاد (1956- 1986)، دفاع مقدس کے دور میں IRGC نیوی کے لاجسٹکس کے انچارج اور خاتم  الانبیاء کیمپ کے لاجسٹکس کے نائب تھے۔

محمد اثری نژاد1956 میں کام فیروز مرودشت، شیراز کے حسین آباد گاؤں میں پیدا ہوئے۔ دس سال کی عمر تک ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کا مطالعہ کیا۔ پھر، مالی پریشانیوں کی وجہ سے،  انہوں  نے رات کی کلاسوں میں پڑھا ئی کی اور مڈل پاس کرکے تعلیم کو خیر باد کہہ دیا۔ انہوں  نے اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کاشتکاری کا رخ کیا۔ دس ماہ کی فوجی ٹریننگ انجام دینے کے بعد، انہیں ان کی والدہ کی وفات کی وجہ سے اور خاندان کی دیکھ بھال کے سبب مزید  فوجی ٹریننگ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔

اثری نژاد کی دینی اور مذہبی سرگرمی انقلاب اسلامی کی فتح سے پہلے  استاد مطہری کی کتابوں اور امام خمینی کے مقالات کے مطالعہ سے ہی شروع ہوچکی تھی۔قم کے دوروں میں انہوں نے کئی علما سے ملاقاتیں کیں۔ اسی وجہ سے وہ سیاسی معاملات میں آگئے اور اس کے بعد سے وہ انقلابی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے۔ وہ امام خمینی کے اعلانات اور پیغامات کو قم سے تہران منتقل کرتے تھے اور اپنے دوستوں اور جاننے والوں میں تقسیم کرتے تھے۔ پہلوی حکومت کے خلاف مارچوں اور مظاہروں میں بھی وہ پیش پیش رہے اور دوسرے انقلابیوں کے ساتھ پہلوی حکومت کے آخری ایام میں فوجی مراکز پر قبضے میں بھی شریک رہے۔

ایران کے اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد اثری نژاد نے 1978 میں شادی کی اور اسلامی انقلاب کمیٹی کی تشکیل کے بعد اس تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے بعد پاسداران انقلاب اسلامی کی تشکیل کے ساتھ ہی وہ اس کے رکن بن گئے۔ وہ تہران میں ولی عصر عجل اللہ تعلی فرجہ الشریف گیریژن کے لاجسٹک کے انچارج تھے۔

کردستان میں انقلاب مخالف گروہوں کی نقل و حرکت کے بعد، وہ رضاکارانہ طور پر وہاں گئے اور رسد کی ذمہ داری سنبھالی۔ ایران کے خلاف عراق کی مسلط کردہ جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی   انہوں نے مغربی اور جنوبی محاذوں کی سپلائی اور سپورٹ میں بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جنگی معاونت کے ہیڈ کوارٹر کے ذریعے لوگوں کی امداد تیار کرکے محاذ پر بھیجی اور بڑے اور چھوٹے آپریشنز کے لیے سامان فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مثال کے طور پر بازی دراز آپریشن میں جب ان بلندیوں کو دشمن نے گھیر لیا تو سپلائی فورس کے طور پر  انہوں نے علاقے میں تعینات فورسز کے لیے گولہ بارود اور سامان تیار کیا۔ اس کے بعد وہ ابو ذر سرپل ذہاب بیرک گئے اور کوبرا ہیلی کاپٹر کے ذریعے پائلٹ شیرودی کی مدد سے علاقے میں سامان اور ہتھیار پہنچائے۔

اثری نژاد، پھر نجف کیمپ کے لاجسٹکس کے سربراہ بنے اور اس کے بعد وہ آئی آر جی سی کی زمینی فورس کے شمال مغربی سپورٹ کے کمانڈر بن گئے۔ اسلامی انقلابی گارڈ کور بحریہ کی تشکیل کے بعد، وہ خاتم الانبیاءﷺ  بیس کے لاجسٹکس کے انچارج بھی تھے، اور بحریہ کی لاجسٹکس میں بھی کام کرتے تھے۔

9 فروری 1986 کو، اثری نژاد والفجر 8 آپریشن میں کیمیائی حملہ  میں  زخمی ہو گئے تھے۔ لیکن کچھ عرصے کے بعد ڈاکٹروں اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مکمل صحت یاب ہونے تک آرام کرنے کی سفارش کے باوجود وہ والفجر 8 کے آپریشنل علاقے میں واپس آگئے اور 3 مارچ 1986ءکو دشمن کے فضائی حملے کی وجہ سے شہید ہوگئے۔ ان کے جسد کو تہران منتقل  کیا گیا اور اس کے بعد انہیں گلزار شہداء، بہشت زہرا میں سپرد خاک کیا گیا۔[1]

شہید اثری نژاد کی وصیت کے ایک حصے میں کہا گیا ہے: "اسلامی جمہوریہ کے نظام کا تحفظ اسلامی جمہوریہ کے دشمنوں سے مقابلے  اور مختلف  معرکوں میں  عملی شرکت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ خاص طور پر مسلط کردہ جنگ میں حصہ لئے بغیر۔

 

[1] دفاع مقدس کے انسائیکلو پیڈیا کے ایک مقالہ کی تلخیص، دائرہ المعارف دفاع مقدس جلد ۱ ص ۳۴۳ اور ۳۴۴، ناشر: مرکز دائرۃ المعارف پژوہشگاہ (ریسرچ سینٹر) علوم و معارف دفاع مقدس، تہران ۲۰۱۱